نئی دہلی،22؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) راشٹریہ جنتادل کے منوج کمار جھا نے پیر کے روز راجیہ سبھا میں ملک بھر میں عوامی تقسیم کے نظام کی دکانوں کے منسوخ کیے گئے راشن کارڈ کو پھر سے بحال کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ منوج جھا نے وقفہ صفر کے دوران اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں تین سے چارکروڑ راشن کارڈ منسوخ کیے گئے ہیں۔ تکنیکی اسباب سے ان راشن کارڈوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی قبائلی علاقوں سے بھکمری کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ ملک میں غذائی تحفظ قانون بنا ہوا ہے۔ ایسے میں منسوخ راشن کارڈوں کو پھر سے بحال کیا جانا چاہیے۔
وقفہ صفر کے دوران بیجو جنتا دل کے سمت پاترا نے اوڈیشہ میں 30 لاکھ ٹن چاول کی خریداری کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس سلسلے میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کو حکم دینا چاہیے۔ نامزد ارکان نریندر جادھو نے ممبئی میں پچھلے دنوں پاور گرڈ پر ہوئے سائبر حملوں پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ قومی مفاد میں اسے روکا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہیکروں نے سیرم انسٹی ٹیوٹ پر بھی حملہ کیا تھا۔ انہوں نے سائبر سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔